نئی دہلی، 30اکتوبر (آئی این ایس انڈیا)ملک کے 53 بڑے شہروں کے مقابلے سال 2020 میں سڑک حادثات میں سب سے زیادہ اموات دارالحکومت دہلی میں ہوئی ہیں۔ یہی نہیں خودکشی کی شرح میں بھی تقریباً 25 فیصد اضافہ ہوا۔ نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو (NCRB) کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق، ٹرینوں سے کٹ کراور آگ زنی میں موت کے واقعات میں دہلی دیگر تین میٹرو اور ملک کے دیگر بڑے شہروں سے بہت آگے ہے۔نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو نے گزشتہ سال ملک کی تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں حادثاتی اور خودکشی سے ہونے والی اموات کی تفصیلی رپورٹ جاری کی ہیں۔ اس رپورٹ کے مطابق دہلی ملک کی ان چند ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں شامل ہے،جہاں گزشتہ سال کسی کسان یا زرعی مزدور نے خودکشی نہیں کی۔ تاہم سڑک حادثات کے معاملہ میں دہلی ملک کے 53 بڑے شہروں میں سرفہرست ہے۔ ان حادثات میں 1151 افراد ہلاک ہوئے جو کہ تمام شہروں میں سڑک حادثات میں ہونے والی اموات کے 10 فیصد کے برابر ہے۔ جبکہ چنئی 872 لوگوں کی موت کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو کی رپورٹ کے مطابق سڑک حادثات میں 54.8 فیصد حادثات تیز رفتاری کے باعث ہوتے ہیں،جبکہ 27.6 فیصد خطرناک اور لاپروائی کے ساتھ ڈرائیونگ کی وجہ سے ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ 4 فیصد حادثات شراب پی کر گاڑی چلانے کی وجہ سے پیش آئے ہیں۔گزشتہ سال دارالحکومت دہلی میں کل 3142 افراد نے خودکشی کی، جو 2019 کے مقابلے میں 24.8 فیصد زیادہ ہے۔